مومن کون

 مومن کون


رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:


🔹"تم میں سے کوئی مومن نہیں ہوسکتا جب تک اپنے بھائی کے لئے وہ نہ چاہے جو وہ اپنی ذات کیلئے چاہتا ہے۔"


🔹 ایک اور جگہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی صحابی سے دریافت کیا۔

“کیا تم جنت پسند کرتے ہو؟"

انہوں نے کہا:

"جی ہاں"

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

“تو پھر تم اپنے (مسلمان) بھائی کیلئے وہ پسند کرو جو تم اپنے لئے پسند کرتے ہو۔"


🔹 ایک اور جگہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

“تم پرہیزگار بن جاؤ، لوگوں میں سب سے زیادہ عبادت گزار ہو جاؤ گے۔ اور قناعت اختیار کرو، لوگوں میں سب سے زیادہ شکرگزار بن جاؤ گے”


*پرہیزگار کون ہوتا ہے؟*

جو گناہوں سے ، حرام سے بچتا ہو اور دوسروں کو تکلیف دینے سے بچتا ہو۔

یعنی پرہیزگاری اختیار کرنے کیلئے صرف عبادت کرنا ہی کافی نہیں، بلکہ گناہوں کو چھوڑنا بھی ضروری ہے۔


*لا يؤمن أحدكم حتى...*

اسکا مطلب یہ ہے کہ *لا الہ الا اللہ* کہنے سے ایک شخص اسلام میں تو داخل ہوجاتا ہے لیکن اسکا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک وہ اپنے عمل میں تبدیلی نہ لائے۔ اور عمل میں تبدیلی لانے کیلئے اس حدیث میں جو صفت بتائی گئی ہے وہ موجود ہونی ضروری ہے ورنہ ایمان کامل نہیں۔


🔹 ایک اور جگہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

“قسم ہے اس ذات کی جسکے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے، تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک وہ اپنے مسلمان بھائی کیلئے اس طرح خیر اور بھلائی پسند نہ کرے، جیسا کہ وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے۔"


*یعنی ہر طرح کی خیر اور بھلائی میں سے دوسروں کیلئے وہ پسند کرنا جو انسان کو اپنے لئے پسند ہو*

 *اس سے ایمان مکمل ہوتا ہے۔*


نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سیدنا ابو درداء رضى الله عنهئ نے قرآن کی اس آیت کے بارے میں پوچھا  کہ ۔۔۔۔

" یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! 

 آپکی اس آیت کے بارے میں کیا رائے ہے؟"⬇️

*لن تنالو البر حتى تنفقو مما تحبون*

"تم ہرگز نیکی کو اس وقت تک نہیں پہنچ سکتے جب تک تم اس میں سے نہ خرچ کرو جو تمہیں سب سے زیادہ محبوب ہو۔"

"اور مجھے اپنا *بیرحا* کے باغ کی زمین سب سے زیادہ محبوب ہے۔ میں اسکو اللہ کی راہ میں دینا چاہتا ہوں۔"

اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

"واہ واہ! بیرحا تو بہت نفع بخش مال ہے۔"

پھر اس باغ کا مال آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کے درمیان تقسیم کر دیا۔


*ہمیں دیکھنا چاہئیے کہ ہمارا کیا حال ہے؟*

ہم دوسروں کو صدقہ خیرات میں کیا دیتے ہیں؟

کیا وہ جو ہمیں اپنے لئے پسند ہوتا ہے یا جو چیز ہمارے لئے کمتر، ردی اور بےکار ہوتی ہے، وہ دیتے ہیں؟


اکثر اوقات غریبوں اور مسکینوں کو ہم اللہ کے نام پر وہ دیتے ہیں جو ہمارے اپنے استعمال کے لائق نہیں ہوتا اور جسے ہم اپنے لئے کبھی پسند نہ کریں۔

ایسا نہیں کرنا چاہئے بلکہ

🔹 کبھی نہ کبھی اپنی پسندیدہ اور عزیز ترین چیز میں سے بھی کچھ نہ کچھ نکال کر ضرور صدقہ کریں۔ جو اپنے لئے پسند ہو۔

🔹اسکا یہ مطلب نہیں کہ اس میں سے پورا کا پورا  ہی دے دیا جائے بلکہ کچھ نہ کچھ ضرور دیں۔


 یہاں اللہ سبحانہ وتعالی فرما رہے ہیں۔ 

*مما تحبون* یعنی اس میں سے بھی دو جو تمہیں بہت محبوب ہو۔

🔹اور اس میں سے بھی دے سکتے ہیں جو پسندیدہ نہیں۔ اسکی ممانعت نہیں ہے ۔بہت سی چیزیں انسان کی اپنی ضورت اور استعمال کی نہیں رہتیں مگر دوسروں کیلئے وہ بہت کام کی ہوسکتی ہیں۔ تو وہ بھی دی جاسکتی ہیں۔


🔹 لیکن دوسروں کو وہ نہیں کھلانا چاہئے جو خراب ہوگیا ہو ، باسی ہو اور اپنے کھانے کے لائق نہ ہو۔


🔹 یہ حکم صرف کھانے پینے اور استعمال کی چیزوں ہی تک محدود نہیں، بلکہ  ہر طرح کی خیر اور بھلائی کے بارے میں ہے ۔


🔹 اگرچہ کسی کو مشورہ بھی دینا ہو تو وہ دیں جو آپکے اپنے لئے بھی قابل عمل اور پسندیدہ  ہو۔ 

یعنی *جو اپنے لئے پسند ہو وہی دوسروں کیلئے پسند کریں، دوسروں کو دیں۔*


عموما ہم نیک اور متقی بننے کیلئے اپنی عبادات میں تو اضافہ کردیتے ہیں لیکن اپنے عمل میں سے غیبت، جھوٹ ، دھوکہ اور بخل جیسے کبیرہ گناہوں کو نہیں نکالتے

ہم صرف عبادات کے انبار لگادینے سے پرہیزگار اور متقی نہیں بن سکتے۔ جب تک ہم ان برائیوں کو نہ چھوڑیں جنہیں چھوڑنے کا دین میں حکم آیا ہے۔


🔹 جب ہم گناہ چھوڑنے لگتے ہیں تو اللہ سبحانہ وتعالی خود ہی انکی جگہ ہمارے لئے خیر اور نیکی کے راستے کھول دیتے ہیں۔


اسکی مثال ایسے ہی ہے جیسے اگر کسی بیماری سے شفا پانے کیلئے کوئی دوا لی جائے لیکن معالج کی نصیحت کے مطابق پرہیز نہ کی جائے تو دوائی بھی بے اثر ہوجاتی ہے۔ بیماری سے مکمل شفا نہیں ملتی۔


🔹 اصل چیز یہی ہے کہ ایک مسلمان تقوی کے حصول کیلئے نیک اعمال اور عبادات میں آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ خود کو گناہوں اور برائیوں سے بھی روکے جن سے رکنے کا حکم ہمیں قرآن و سنت سے ملتا ہے۔ ایک پرہیزگار اور متقی انسان میں یہ دونوں صفات ہونا ضروری ہیں۔

Comments

Popular Posts